اسلام آباد (اصغر علی مبارک) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم پاکستان کے حوالے سے اپنیپیغام میں کہا کہ 23 مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے 78 سال قبل آج ہی کے دن برصغیر پاک و ہند کے مسلمان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں لاہور میں اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے کا عہد کیا اور قرار داد لاہور منظور کی ۔ جنوبی ایشیا کی مسلم ملت ایک مدت سے اپنی شناخت کے لیے کوشاں تھی لیکن اس کے سامنے کوئی متعین منزل نہیں تھی۔ اسی تاریخ کونہ صرف یک سوئی میسر آئی جس کے نتیجے میں منزل کا تعین ہوا بلکہ قیام پاکستان کی صورت میں مسلمانوں نے وہ منزل بھی حاصل کی۔ علامہ اقبال ؒ کے خطبہ الٰہ آباد میں اگرچہ منزل کا تعین کر دیا گیا تھا لیکن اس کا واضح اظہار 23مارچ 1940 کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی سربراہی میں منعقد ہونے والے تاریخی اجتماع میں کیا گیا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کا قیام جہاں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت تھا وہاں ان لوگوں کے لیے امید کی کرن تھا جنہیں متحدہ ہندوستان میں ترقی کے مساوی مواقع سے محروم رکھا گیا اور ان کے تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان کی صورت میں ایک قوم نے اپنی اْس پہچان کو حاصل کیا جن کی شناخت وہاں کی عددی اکثریت کے باعث خطرات سے دوچار تھی 23مارچ کی قراردادِ پاکستان میں یہ مضمرتھا کہ نئی مملکت اپنے قیام کے بعد ایک ایسی قومی ریاست میں ڈھل جاتی جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مواقع میسر ہوں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے اور آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملکی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے ملی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہہمارے اسلاف نے اس مملکت خداداد کو حاصل کرنے کیلئے اپنے جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں اس کی حفاظت اب ہمارا قومی فریضہ ہے ۔پاکستان کی ترقی اور وفاق کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہو نگی۔ جمہوریت کے استحکام کیلئے تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد اور طبقے کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کر کے اسے مضبوط تر بنانا ہوگا ۔ یوم پاکستان کے موقع پرقوم کو یکجہتی، یگانگت اور بھائی چارے کے ذریعے تحریک پاکستان کے جذبے کی طرح ملک کے استحکام کی خاطر متحد ہونا ہو گا ۔
آج بطور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسا سماج تشکیل دیں جس میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی سربراہی میں قرار دادِ پاکستان میں متعین کیے گئے رہنما اصولوں کی روشنی میں رنگ و نسل، مذہب و فرقے کی بنیاد پرکسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔ ہم نے ایک بار پھر قائد اعظم ؒ کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو دور جدید کی ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو سلامت رکھے اور اسے مستقبل کی عظیم ترقی یافتہ مملکت بنائے۔(آمین)