پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور شہر میں تیس من سے زائد مضر صحت گوشت سپلائی کرنے کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو افراد کو گرفتار کر لیا
لاہور (یس اُردو) لاہور کے شہریوں کو مضر صحت گوشت کھلانے کی کوشش ناکام ، ای ایم ای سوسائٹی کے قریب تیس من سے زائد مضرصحت گوشت پکڑاگیا ، دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی کہ دو گاڑیوں میں بھاری مقدار میں بیمار اور لاغر جانوروں کا مضر صحت گوشت لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کے لئے لایا جا رہا ہے جس پر انہوں نے لاہور کے داخلی راستے کے قریب ای ایم ای سوسائٹی کے قریب ناکہ لگا کر ایک کار اور ایک منی ٹرک کو روکا تو کار کی ڈگی اور منی ٹرک کے عقبی حصے میں موجود بارہ سو کلو سے زائد مضر صحت گوشت کو ضبط کر کے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں طارق اور اکبر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوا دئیے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق جہاں سے یہ گوشت لایا گیا تھا اور جن جگہوں پر یہ گوشت سپلائی کیا جاتا تھا وہاں بھی آج ہی کارروائی کی جائے گی ۔