اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا رمضان اور عید کی شرعی طور پر بنیاد رویت ہلال پر ہے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی سے منانے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے، میڈیا کو پابند کرنا ہوگا کہ رویت ہلال کمیٹی کےاعلان سے پہلے چاند کا اعلان نہ کرے، اس بار اس چیز پر ایکشن لیا جانا چاہیے
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کچھ افراد رویت ہلال کمیٹی کے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتے، رویت ہلال کمیٹی 1974 میں قرار داد کے ذریعے قائم کی گئی۔ نور الحق قادری کا کہنا تھا رمضان اور عید کی شرعی طور پر بنیاد رویت ہلال پر ہے، شہادت جمع کرنے اور پہنچانےکے مربوط نظام کی ضرورت ہے اور مذہبی تہواروں کو یکجہتی سے منانے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا میڈیا کو پابند کرنا ہوگا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے پہلے چاند کا اعلان نہ کرے اور کرے تو کمیٹی سے پہلے چاند کے اعلان پر سزا کا تعین کرنا ہوگا، یاد رہے وزارتِ مذہبی امور رواں سال بھی رمضان المبارک اور عید ملک بھر میں ایک ساتھ منانے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں اور انہوں نے صوبوں سے قانونی حمایت مانگ لی ہے، وزارتِ مذہبی امور برائے مذہبی بین ہم آہنگی نے رویت ہلال سے متعلق قانون سازی کا مسودہ تیار کرلیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت چاند کے لیے صوبائی اسمبلیوں سے قرار داد کی منظوری ضروری ہے۔