تشدد کا شکار طیبہ کا اسلام آباد کے پمز اسپتال میں طبی معائنہ ہوگیا، ڈاکٹر نے بالوں اور خون کے نمونے بھی لے لیے، طیبہ کے جسم پر جلائے جانے کے نشانات بھی دیکھے گئے۔
پمز اسپتال کے برن سینٹر میں طیبہ کا طبی معائنہ ڈاکٹروں کی 4 رکنی ٹیم نے کیا، جن میں ماہر نفسیات ڈاکٹر عاصمہ، برن سرجن ڈاکٹر طارق، پلاسٹک سرجن ڈاکٹر حمید اور جنرل سرجن ڈاکٹر ایس ایچ وقار شامل تھے۔اسپتال ذرائع کے مطابق طبی معائنے کے دوران طیبہ کا ڈی این اے ٹیسٹ اور جلنے کے نشانات کی بھی تصاویر بنائی گئی، ڈی این اے کے لئے طیبہ اور اس کے والد، والدہ اور بھارتی کےخون اور بالوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ طیبہ کے زخموں کی تصاویر لی گئی ہیں تاکہ زخموں کی نوعیت اور انکی شدت کا تعین کیا جاسکے، اجلاس پمز اسپتال کے برن سینٹر میں بلانے کا مقصد جلے ہوئے زخموں کا تجزیہ کرنا تھا۔طیبہ کے دعویدار والدین ، کمالیہ سے تعلق رکھنے والی کوثر بی بی اور اسکی بيٹی مہوش جبکہ فیصل آباد کے ظفر اور اسکی اہلیہ فرزانہ کے بھی خون اور بالوں کے نمونے جمعہ کے روز پمز میں لیے گئے تھے ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ میں مکمل میڈیکل رپورٹ تیار کر لی جائے گی ۔