اسلام آباد: لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کا امکان ہے۔ یہ علیحدہ ملاقات 14 اور 15 جون کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران ہوگی۔ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات سے 2013 سے دونوں ممالک کے درمیان معطل باضابطہ مذاکرات کی راہ کھل سکتی ہے۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقات کی تجویز کا غیر رسمی پیغام روس اور چین کے ذریعے بھارت کودے دیا ہے۔ نئی دہلی میں اعلیٰ حکام نے ملاقات کی تجویز کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا۔ رواں ماہ بشکک میں وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی پاک بھارت وزراخارجہ شرکت کریں گے، تاہم سائیڈ لائن ملاقات کے متعلق ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔دوسری جانب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم پاکستان عمران خان ممکنہ طور پر لندن کا سہ روزہ دورہ کریں گے اور کم از کم دو میچز میں پاکستانی ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی حتمی پلان نہیں ہے مگر جون میں لندن کا دورہ وزیراعظم کے منصوبہ کا حصہ ہے۔ یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ برطانوی حکومت کے ذمہ داران اس بات میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک گفتگو کا آغاز کریں اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں، جس میں مقامی کشمیری نوجوانوں کی جانب سے پلوامہ میں حملے اور پاکستان پر بھارتی فضائی حملے کے بعد اضافہ ہوگیا تھا۔