اسلام آباد: گراں وزیراعظم کے لئے مجوزہ ناموں پر غور کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان ملاقات طے پاگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ جمعے کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں نگراں وزیر اعظم کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر کل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کروں گا، جس میں مجوزہ ناموں پر مشاورت ہوگی، اتفاق ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا، اتفاق نہ ہونے کی صورت میں اعلان میں ایک دو روز مزید لگ سکتے ہیں
واضح رہے کہ آئین کے تحت قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کرتے ہیں، اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جو مجوزہ ناموں میں سے کسی ایک کو نگراں وزیراعظم مقرر کردیتا ہے۔