کراچی (ویب ڈیسک) صدارتی انعام یافتہ اداکارہ مہوش حیات نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی حالت زار پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ بد قسمتی سے انہیں کراچی ایئر پورٹ پر لیڈیز روم استعمال کرنا پڑا، یہ بہت ہی مایوس کن تھا، انتہائی گندہ اور
سخت بدبودار، حتیٰ کہ اس میں لال بیگ بھی موجود تھے۔اداکارہ نے کہا کہ بیت الخلاءکی اتنی بری حالت صحت کیلئے نقصان دہ ہے ، کیا یہ وہ پہلا تاثر ہوگا جو ہم پاکستان آنے والے لوگوں کو دینا چاہیں گے؟ یہ بہت ہی بنیادی سی باتیں ہیں اس لیے ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ آج ہی (جمعہ کو) برطانیہ نے پاکستان میں آنے والے اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کی ہے، اس سے قبل ایک امریکی رپورٹ میں بھی پاکستان کو 2020 کی بہترین سیاحتی جگہ قرار دیا گیا تھا۔ ان رپورٹس کے بعد قوی امکان ہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد ہوگی لیکن کیا ہم بیرون ممالک سے آنے والے سیاحوں کو بنیادی ترین تقاضے کیلئے بدبو دار جگہ پر چھوڑ دیں گے؟ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب ہمارے کرتا دھرتاﺅں نے دینا ہے۔