لاہور(ویب ڈیسک) پا کستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات، بی بی سی پر انجلینا جولی کے پیش کردہ پروگرام میں بہت جلد ایک نظر آئیں گی ۔ بی بی سی کے اس پروگرام کا نام ‘ بی بی سی مائی ورلڈ’ رکھا گیا ہے جسے ہالی وڈ کی کامیاب اداکارہ اینجلینا جولی پروڈیوس کر رہی ہیں ۔ تمغہ امتیاز حاصل کرنیوالی اداکارہ مہوش حیات نے انسٹا گرام پر اس خبر کو اپنے مداحوں سے شئیر کیا ۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مرد و خواتین کے معاوضے کی برابری پر بات کر رہی ہیں ۔ مہوش نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں برابر معاوضے کے ساتھ سوشل میڈیا کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر سوشل میڈیا کو صحیح انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور لوگوں کو اس کے ذریعے آگے بڑھنے میں مدد بھی ملے گی ۔انہوں نے فلموں میں اپنے کرداروں کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جس قسم کے کردار میں نے فلموں میں ادا کیے ہیں وہ دقیانوسی تصورات کے خلاف ہوتے ہیں۔ بی بی سی کے اس پروگرام میں انجلینا جولی کا مقصد نوجوانوں کو جعلی خبروں کو روکنے کے لئے ٹولز فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے حال ہی میں ان کا کہنا تھا کہ “والدین کی حیثیت سے مجھے ایک ایسے پروگرام میں اپنی مدد دینے پر خوشی ہے جس کا مقصد بچوں کو دنیا بھر کے دوسرے نوجوانوں کی زندگیوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے میں مدد دینا ہے ، اور ان کو ایک دوسرے سے مربوط کرنا ہے۔” یہ پروگرام اتوار کو بی بی سی ورلڈ نیوز پر آدھے گھنٹے کے لئے نشر ہوگا۔ اسے بی بی سی کی 42 مختلف زبانوں میں شئیر کیا جائے گا۔