اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، خیبر پختونخواہ سے منتخب ہونے والے حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی شاہ محمد کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے فورتھ شیڈول میں شامل اراکین اسمبلی کی اہلیت سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا دیا ہے۔ منگل کے روز سنائے گئے فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبر اسمبلی کو نااہل کرنے کا اختیار نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے خیبر پختونخواہ سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کی درخواست پر مختصر فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبر اسمبلی کو نااہل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ خیبر پختونخواہ کے صوبائی حلقے پی کی 89 بنوں سے تحریک اںصاف کے ایم پی اے شاہ محمد نے اپنی نااہلی کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔ ایم پی اے شاہ محمد اور ممبر ضلع کونسل بنوں کو فورتھ شیڈول میں نام کی وجہ سے نااہل کیا گیا تھا۔ 21 ستمبر 2017 کو الیکشن کمیشن نے ایم پی اے، ممبر ضلع کونسل کی نااہلی کا حکم سنایا تھا۔ خیبر پختونخواہ سے پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ محمد خان اور ممبر ضلع کونسل بنوں گل باز خان نااہل ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایم پی اے شاہ محمد خان کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان نے کیس کی پیروی کی۔ اب 2 سال کے عرصے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔