لاہور: پاکستان پلیئرز ویلفیئرفاؤنڈیشن کی ممبر سازی مہم کا آغازکردیا گیا.

’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات چیت میں نوید عالم کاکہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو 4بار عالمی چیمپئن،3 بار اولمپکس چیمپئن سمیت دنیا کے تمام عالمی اعزازات حاصل کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، ان بڑی کامیابیوں کے باوجود اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کاکوئی پرسان حال نہیں، ہاکی کی طرح دوسرے کھیلوں سے وابستہ پلیئرز کی بھی بڑی تعداد ایسی ہے جوغربت اور بیماری کا مقابلہ کرتے دنیا سے رخصت ہو گئی اورجو کھلاڑی حیات ہیں ان میں سے بھی بیشتر کا کوئی پرسان حال نہیں،فاؤنڈویشن کی ممبر سازی مہم شروع کر دی گئی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں عہدیداروں کا چناؤ کرنے کے بعد ملک کے تمام صوبوں، ڈویژنز اور اضلاع میں فارم بجھوا دیے گئے ہیں،رواں سال کے آخر تک ارکان کی تعداد10 ہزار تک لے جانا ہدف ہوگا، ابتدائی مرحلے میں اپنی مدد آپ کے تحت فاؤنڈویشن چلانے کی کوشش کریں گے، بعد ازاں فنڈز کے حصول کے لیے حکومت اور ملٹی نیشنل کمپنیوں اور مخیر حضرات سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
نوید عالم نے کہا کہ فاؤنڈویشن بنانے کا مقصد قومی کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں اور ان کے اہلخانہ کو باعزت طور پر زندگیاں گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ سابق ہاکی اولمپئن نے واضح کیا کہ فاؤنڈیشن سے ہاکی، فٹبال، اسکواش سمیت ملک بھر میں کھیلی جانے والی تمام گیمز کے موجودہ و سابق پلیئرز، کوچز، امپائرز، ریفریز سمیت تمام ملازمین استفادہ حاصل کر سکیں گے، ارکان کو نہ صرف ہیلتھ کارڈز جاری کیے جائیں گے بلکہ ضرورت پڑنے پر مستحق کھلاڑیوں اور آفیشلز کی مالی و اخلاقی مدد بھی کی جائے گی۔








