لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی نے نواز شریف کے میموگیٹ سے متعلق اعتراف پر ردعمل دیتے ہوئے نواز شریف سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
نواز شریف کے میموگیٹ سے متعلق اعتراف پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اب سمجھ آیا کہ میموگیٹ میں عدالت میں نہیں جانا چاہیے تھا تاہم وہ آج بھی بددیانتی سے کام لے رہے ہیں٬ ادھورا اعتراف کافی نہیں، نواز شریف جمہوریت کے خلاف جرائم پر قوم سے معافی مانگیں، یہ کیسے لیڈر ہیں جنہیں اتنی سمجھ نہیں کہ کس معاملے میں عدالت میں جانا چاہیے اور کس میں نہیں۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایسا شخص مینڈیٹ چرا کر تین بار ملک کا وزیراعظم بنا، نواز شریف جتنے بھولے بنتے ہیں اتنے ہے نہیں، وہ ایک بار پھر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی 35 سالہ سیاست جمہوریت کے خلاف سازشوں سے بھری ہے، ہم کئی بار جمہوریت کی خاطر نواز شریف کے دھوکے میں آئے تاہم اب نواز شریف کی میٹھی میٹھی باتوں میں نہیں آئیں گے۔