پیرس (علی اشفاق) فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال کی کوششوں سے پاکستان ٹیکسٹائیل یونیورسٹی کراچی اور فرانس کے فیشن سکول ’’البرٹ دو موں‘‘ میں ایک اہم ایم او یو (Memorandum of Understanding Between France & Pakistan) پر دستخط ہوئے۔ جس کے تحت دونوں ممالک کے فیشن اسکولز کے طلباء ایک دوسرے ملک میں جا کر کورسز کر سکیں گے۔ ایم او یو پر دستخط کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان غالب اقبال نے اس معاہدے کو پاکستان کی فیشن اور ٹیکسٹائیل انڈسٹری کیلئے مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب دو ممالک کے طلباء آپس میں ملتے ہیں تو وہ دو ممالک کے کلچر کو سمجھتے ہیں اور ان ممالک کے تعلقات میں بھی بہتری آتی ہے۔ انہوں نے البرٹ دی موں اسکول کے طلباء کو آفر کی کہ بہترین ڈیزائین تخلیق کرنے والے دو طلباء کو سفارتخانہ پاکستان ایک ہفتے کیلئے پاکستان بھیجے گا اور تمام اخراجات برداشت کرے گا۔ البرٹ دی موں فیشن اسکول کے پرنسپل ’’ہنری جان پیٹی‘‘ نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے اور یہ ایک تاریخی موقع ہے اس’’ میمورنڈم آف انڈر اسٹینڈنگ ‘‘سے پاکستان اور فرانس کے فیشن کے طلباء کو مزید سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اسکول کے ڈائریکٹرز نے کہا کہ اس معاہدے سے تعلقات میں اضافہ ہوگااور ہمارے فیشن ٹیچر پاکستان جا کر وہاں بھی طلباء کو جدید فیشن تکنیک سکھائیں گے۔ اپریل میں ہونے والے ہمارے فیشن شو میں پاکستانی ڈیزائینرز کو ہم خوش آمدید کہیں گے۔ میمورنڈم آف انڈر اسٹینگ پر سفیر پاکستان غالب اقبال اور پرنسپل’’ ہنری جان پیٹی‘‘ نے تالیوں کی گونج میں دستخط کئے۔ اس موقع پر ’’البرٹ دی موں‘‘ فیشن اسکول کے طلباء اور ٹیچر بھی موجود تھے جنہوں نے اس معاہدے کے ہونے ہر زبردست مسرت کا اظہار کیا۔