counter easy hit

سوچ بدل کر ملکی ترقی کا عہد کیا جائے، صدر ، وزیراعظم

Message by President & Prime Minister on Eid Milad un Nabi

Message by President & Prime Minister on Eid Milad un Nabi

صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف نے پیغام میں محسن انسانیت خاتم الانبیاء رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مبارک موقع پرانتہا پسندانہ سوچ اور علاقائی تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کرنے کا عہد کر نا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج نازک صورتحال میں ہمیں اپنی فوج کے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو ضرب عضب اور دیگر محاذوں پر بے پناہ قربانیاں پیش کررہی ہے۔ مسلمانوں کا یہ اولین فریضہ ہے کہ سیرت طیبہؐ پرعمل کرتے ہوئے بھلائی اورخدمت خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں ۔

نبی کریم ﷺ کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ضروری ہے کہ خطبہ حجۃ الوداع کی روشنی میں رنگ ونسل اورعلاقائی و لسانی تعصبات سے نجات حاصل کرکے اپنی زندگی اور اللہ کی مخلوق کی زندگی میں خوشیاں بھردیں تاکہ وطن عزیز، عالم اسلام اور پوری دنیا میں میانہ روی، اعتدال اورعدل کی عظیم روایات کا بول بالا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکے، اس سلسلے میں دنیا کو آج تعلیمات نبویؐ سے روشناس کرانے کی پہلے سے کہیں بڑھ کر ضرورت ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حضورؐ کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہوکر نہ صرف اپنی دنیا بلکہ آخرت کوبھی سنوار لیں اور ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال، عزت اور آبرو کو ذرا برابر بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیرت طیبہؐ کا سبق یہی ہے۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں نبی اکرمؐ کے اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم محمد نوازشریف نے اپنے پیغام میں محسن انسانیت خاتم الانبیاء رحمت العالمین حضرت محمد مصطفی کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد دی ہے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ عید میلاد النبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مواخات اور وحدت ملت اسلامیہ کے زریں اصول یاد کرانے کا ذریعہ ہے اور اس فلاح ونجات کی طرف متوجہ کرتا ہے جو حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مسلمانوں کو حاصل ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے، تاریخ ہمیشہ ان مقدس لمحات پر نازاں رہے گی جو اس روشن صبح کے دامن میں سمٹ آئے تھے۔ انسان دشمنی ، ظلم و بربریت ، جہالت، جبرو استبداد اور گمراہی کی تاریخ کو ظہور قدسی کے ان مبارک لمحات نے یکسر بدل کر رکھ دیا، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کے تقدس، علم کو وسعت، فکرکوندرت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفوو درگزر اورجذبات کو پاکیزگی بخش دی گئی، محبت و اخوت اور مروت و خلوص کے گلستان آباد کردیئے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماہ ربیع الاول ہمیں حضرت محمدؐ سے عشق ومحبت کا پیغام دیتا ہے، سرزمین پاکستان ہمیشہ سے نبی کریمؐ کے
جانثاروں سرفروشوں اور پیروکاروں کی زمین رہی ہے حتیٰ کہ اس کی بنیادوں میں بھی ریاست مدینہ کا عکس موجود ہے، اب بابرکت دن کی تمام محفلیں دراصل تحدیث نعمت ہیں جن کا انعقاد آپؐ کی ذات اقدس سے تعلق کے اظہار اور آپؐ کے لائے ہوئے پیغام ہدایت کو عام کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس مبارک موقع پرعہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ اور علاقائی تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کریں گے، آج اس نازک صورتحال میں ہمیں اپنی فوج کے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو ضرب عضب اور دیگر محاذوں پر بے پناہ قربانیاں پیش کررہی ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ حضرت محمدؐ کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اوراجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں کو سنت مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website