لاہور کے نومنتخب لارڈ مئیر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید اور نوڈپٹی میئرز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب میں نومنتخب عہدیداروں اور ان کے عزیزو اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بلدیاتی اداروں کے نو منتخب سربراہان کے حلف اٹھانے کے بعد7 سال کے طویل وقفے کے بعد بلدیاتی ادارے ایک بار پھر فعال ہوگئے ہیں۔لاہور میں مئیر اور ڈپٹی مئیرز کے حلف کی تقریب ٹاؤن ہال میں ہوئی، کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید نے مئیر جبکہ چوہدری بلال ،راؤ شہاب الدین ،وسیم قادر،اعجاز احمد حفیظ،سواتی خان، حاجی اللہ رکھا،مہر محمود احمد،ارشاد احمد حفیظ اور میاں طارق نے ڈپٹی مئیر کے عہدے کا حلف اٹھایا ۔اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو میں نومنتخب مئیر مبشر جاوید کا کہنا تھا کہ لاہورپیرس سے کم خوبصورت نہیں اسے مزید بہتر بنائیں گے، تعلیم ،صحت ،پینے کا صاف پانی اور عوامی مسائل کاان کی دہلیز پر حل ترجیحات میں شامل ہے ۔