میکسیکو میں آنے والے ہولناک زلزلے کے دوسرے دن امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹوں بعدعمارت کے ملبے سے67 سالہ شخص اوراسکول کی بچی کو زندہ نکال لیا،زلزلے سے 250 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
میکسیکو میں زلزلے سے تباہ ملبے کا ڈھیر بنی عمارتوں میں زندگی کی تلاش جاری ہے، اب تک 83افراد کو بحفاظت نکالا جاچکا ہے۔ میکسیکو میں سات اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے کے دوسرے دن،امدادی کارروائیوں کے دوران 9منزلہ عمارت کے ملبے سے 67سالہ شخص کو زندہ نکا ل لیا گیا، زلزلہ سے گرنے والی عمارت کے ملبے میں دبے عمررسیدہ سالہ شخص کو امید نہ تھی کہ کوئی اسے ڈھونڈ بھی پائے گا۔
19 ستمبر کو جب میکسیکو سات اعشاریہ ایک شدت کےہولناک زلزلے سے لرز اٹھا،تومذکورہ شخص نو منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر اپنے گھر میں موجود تھا، جب لمحوں میں عمارت کے ساتھ ساتھ اس کی دنیا ڈھیر ہوگئی۔ میکسیکو سٹی کے جنوبی علاقے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے جہاں اکیس بچے اور چار جوان جان سے گئے،زلزلے میں تباہ درجنوں اسکولوں کے ملبے سے ابھی بھی بچوں کو زندہ نکالے جانے کی امید ٹوٹی نہیں ہے۔
دو ہفتوں میں دوسرے تباہ کن زلزلے کے دوسرے روزبھی ملک بھر سے رضاکار میکسیکو سٹی پہنچ رہے ہیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں انہیں نہایت صبر اور خاموشی کا مظاہرہ کرنا پڑرہا ہے تاکہ وہ ملبے میں دبے افراد کی مدد کے لیے پکارنے والی آوازیں سن سکیں۔ انتظامیہ کے مطابق میسکیکو سٹی میں 44 عمارتیں گری ہیں، زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں گیس کے اخراج سے آگ لگ گئی۔ آفٹر شاکس میں مزید نقصان سے بچنے کے لیے ملبہ ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔