برنلے (عبداللہ زید) برنلے و گرد و نواح کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت میاں عبد الحمید کو قائد اعظم مسلم لیگ کا مرکزی نائب صدر بنا دیا گیا اورسکریٹری جنرل مشاہد حسین سید کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
میاں حمید آجکل اپنے آبائی شہر گجرات پاکستان کے دورہ پر ہیں اس دوران انہوں نے مسلم لیگ (ق) کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی ہے پاکستان کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ بیرون ملک بالخصوص بر طانیہ میں جماعتی سر گرمیوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔
اگرچہ بیرون ملک کمیونٹی میں تقسیم وبے اتفاقی کی فضا کے انسداد کے لئے مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کئی سالوں سے جماعت کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کر دیا ہؤا ہے پھر بھی بیرون ملک جماعتی کارکنان کی سیاسی سوچ کو بیدار رکھنے کے لئے اور کارکنان کو جماعتی فیصلوں میں شامل رکھنے کی خاطر تنظیمی سرگرمیوں کو علامتی طور پر قائم رکھا گیا ہے۔
باایں طور ماضی میںبر طانیہ میں صدر اور جنرل سکریٹری کے عہدوں پر بڑا فعال کردار ادا کرنے والے کارکن میاں عبد الحمیدکو ان کی جدید سوچ ومفکرانہ انداز فکر اور ماضی کی خدمات کے پیش نظر مسلم لیگ (ق) کا مرکزی نائب صدر کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔
برنلے، نیلسن اور گرد و نواح میں مسلم لیگ (ق) کے کارکنان اور میاں عبد الحمید کے دوست احباب نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ میاں عبدالحمید جیسی مدبرانہ سوچ رکھنے والی سنجیدہ شخصیت کومرکزی نائب صدر بنانا مرکزی قیادت کی اعلیٰ و کارکن دوست سوچ کی عکاسی ہے۔