گجرات(انورشیخ سے)جماعت اسلامی یوتھ ونگ ضلع گجرات کے صدر میاں عبدالحنان گجرنے25مئی کو ضلع گجرات کے ہزراوں نوجوان لالہ موسیٰ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں کرپشن کے خلاف آنے والے ٹرین مارچ کے شرکاء کاشاندار اور تاریخی استقبال کریں گے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران شاہانہ طرز حکومت ، اقرباپروری اور کرپشن چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں اور رمضان المبارک سے قبل منافع خور ،ذخیرہ اندوز سرگرم ہوچکے ہیں ۔ ابھی رمضان شروع ہوا نہیں کہ اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔نا جائز منافع خور ذخیرہ اندوز اور کمیشن مافیا سرگرم ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روز گاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اشیاء ضروریہ غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی چلی جارہی ہیں ہر چیز میں ملاوٹ اور دو نمبری کی کثرت پائی جاتی ہے ،آٹا ، تیل ، چینی ، چاول ، سبزی ، گویاکہ روزمرہ استعمال میں ہونے والی چیزوں میں دن بدن اضافہ ہونا ملک میں حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، بے روز گاری اپنی انتہاء کو پہنچ چکی ہے ملکی معیشت دن بدن تباہ ہوتی چلی جارہی ہے، حکومتی ایوانوں میں باتیں صرف اپنے مفادات کے لیے ہو رہی ہے عام آدمی کا اس میں بھلا نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کو ختم کرنے کا سوچنا ہوگا اور اس بار رمضان المبارک میں حکومت اپنے اعلان کردہ رمضان پیکیج اور عوام کے درمیان حائل رکاوٹیں ختم کرے اور اگر حکومت حقیقی معنوں میں رمضان پیکیج سے عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو ذخیرہ اندوزوں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا قلع قمع کرے