کھاریاں(نیئر صدیقی سے) اسسٹنٹ کمشنرکھاریاں میاں اقبال مظہر نے بیکری اور ہوٹل مالکان کو ملازمین کے ہیلتھ کارڈز بنوانے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دے دی۔ تین فروری تک ان کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں کسی کو کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ انجمن تاجراں کے نمائندہ وفد کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے تاجروں کو ہوٹلوں، بیکریوں ، ریسٹورنٹ، ڈیری فارم اور ملک شاپ کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہدایت نامہ سے آگاہ کیا اور تاجروں کی درخواست پر مذکورہ کاروباری اداروں اور افراد کے خلاف جاری آپریشن سات دن کیلئے روک دیا۔ اور انہیں ہدایت کی کہ تین فروری تک تمام کاروباری ادارے اپنے ورکرز اور ملازمین کے ہیلتھ کارڈ وغیرہ بنوا لیں اس کے بعد کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔