جے آئی ٹی رپورٹ سے پہلے ہی متنازعہ ہے، فارنزک ٹیم کے پہنچنے سے پہلے جائے وقوعہ صاف، بے حسی کی بہت بڑی مثال ہے، میاں محمد حنیف
پیرس (یس اردو مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن فرانس کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد حنیف نے کہا ہے کہ ساہیوال آپریشن بے حسی کی علامت بن چکا۔ حکومت نہ تو شفاف تحقیقات کے موڈ میں ہے اور نہ مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے کوئی کوشش کی جارہی ہے۔ ذیشان کو دہشت گرد ثابت کرنے پر پوری ریاستی مشینری زور لگا رہی ہےمگر ناحق خون کبھی نہیں چھپتا ،حکومت پورا زور لگا کر بھی ذیشان کو دہشت گرد ثابت نہیں کر سکے گی ، سی ٹی ڈی افسران کو عہدوں سے ہٹایا جانا محض دکھاوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساری قوم ذیشان کی بچی اور بیوہ کے ساتھ کھڑ ی ہے ، ایک ادارہ ایک ہزار کارروائیاں کرتا ہے تو اس میں غلطی کا احتمال ہوسکتاہے ، یہ غلطی اگر تسلیم کرلی جائے تو شائد ذیشان کی ماں معاف کردے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا نے اپنا پورا زور لگا کرذیشان کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ذیشان دہشت گردنہیں تھا اور اس کو پورا زور لگا کر بھی دہشت گرد نہیں ثابت کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کچھ بھی نہیں کرسکے گی جو دکھایا جارہا ہے ، یہ ایک بصری دھوکا ہے ، سی ٹی ڈی افسران کو عہدوں سے ہٹایا جانا محض دکھاوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کے بعد حکومت کوچاہئے تھا کہ اپنی غلطی کو تسلیم کرتے لیکن حکومت نے ظلم کا دفاع کرتے ہوئے مظلوم کو دہشت گرد ثابت کرنا شروع کردیا ، معاملے کوخراب کرنے والے یہ خود ہیں، ان کو اس معاملے پر مستعفی ہونا پڑے گا