رانا ثنا اللہ کو چھ ماہ قید رکھنا عوامی مینڈیٹ کی توہین، ثبوتوں کی عدم فراہمی پروفاقی وزیرکوگرفتار کیا جانا چاہیے، میاں محمد حنیف
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے کہا ہے کہ ہزاروں ووٹوں سے جیتنے والے رانا ثنا اللہ کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے 6 ماہ قید رکھا گیا مگر حکومت تمام ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود کچھ ثابت نہیں کرسکی۔ ایسے نااہل وزرا کو جھوٹے مقدمات بنانے پر شرم آنی چاہیے اور عدالت کو چاہیے کہ وفاقی وزیر کو گرفتار کر کے پریس کانفرنس میں بیان کیے گئے ثبوت نکلوائے تاکہ دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والوں کو اس طرح قید رکھنا اور مقدمات چلا کر بغیر ثبوتوں کے الزام لگاتے رہنا کسی بھی مہذب معاشرے میں روا نہیں ہے۔ حکومت اور اس کے وزرا کو عدالتوں کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے اور بغیر ثبوتوں کے میڈیا پر آکر بیان بازی کرنے والوں کو عدالتوں کی طرف سے ثبوت نہ ملنے پر آئین وقانون کے تحت سزا ملنی چاہیے کیونکہ رانا ثنا اللہ اور ان کی طرح دوسرے ممبران قومی اسمبلی کو جس طرح ثبوتوں کے بغیر قید رکھا جارہا ہے اس سے ان کے اہلخانہ اور بچوں کو جو ذہنی اذیت پہنچ رہی ہے اور اس کیلئے حکومت اور ادارون کو جوابدہ ہونا پڑیگا۔