اپوزیشن، صحافیوں ، اساتذہ کو بغیر مقدمات ہتھکڑیاں لگانے والے حکومت اپنوں کی لوٹ مار سامنے آنے پرگرفتاریوں سے گریزاں کیوں؟ میاں محمد حنیف
پیرس؍اسلام آباد( ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے حکومت پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن، صحافیوں، اساتذہ کوبغیر مقدمات گرفتارکروانے اورہتھکڑیاں لگوا کر پگڑیاں اچھالنے والی حکومت پاکستانی تاریخ کی بدترین کرپشن کی کہانی سامنے آنے پر خاموش کیوں ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپوزیشن کی شخصیات اورصحافیوں کو بغیر مقدمات مہینوں تک نیب حراست میں رکھنے والی حکومت نے اپنے بااثر افراد کو کھلی چھوٹ کیوں دے رکھی ہے ۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کرپشن میں سہولت کار ہے اور اربوں کی کرپشن ، سبسڈی اور مہنگائی کر کے لوٹ مار میں پوری حکومت ملوث ہے اور انہوں نے پاکستانی قوم کو بے دردی سے لوٹا ہے۔