وزیراعظم نے ڈیڑھ سال میں ہرہفتے مفروضوں اورخواب وخیال سے سجی گتقاریر کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا، میاں محمد حنیف
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے بانی و صدر میاں محمد حنیف نے کہا ہے کہ وزیراعظم تقاریر کے سوا کچھ نہیں کرسکتے، ڈیڑھ سال میں اب تک مہنگائی ہوئی اورجواب میں انہوں نے ایک لگی بندھی تقریر جھاڑ دی، سٹاک ایکسچینج ڈوب گئی روپیہ اپنی ساکھ کھو بیٹھا، عوام پرمہنگائی کو بوجھ دربوجھ پڑنے لگا، ضروریات زندگی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئیں، کاروبار اورانڈسٹری تباہ وبرباد ہونا شروع ہوئی اور جواب میں وزیراعظم کی طرف سے کچھ وزرا کو آگے پیچھے کرکے تقریر کردی گئی ۔پرانے پاکستان کے وزیرخزانہ کے زریعے معیشت سنبھالی مگر عوام کی حالت نہ بدلی۔ جب انڈیا نے مسئلہ کشمیر پر ہٹ دھرمی سے کام لیتے ہوئے کشمیریوں سے علیحدہ ریاست کا حق بھی چھین لیا تو بھی مسٹر کپتان صرف جمعہ کی تقریریں کرتے رہ گئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی فورم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی پرجانے سے پہلے جب وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر ہاتھ سے نکلتا دیکھا تو ایک جذبات بھری تقریر کر کے واپس آگئے۔ اللہ تعالیٰ کشمیریوں اورپاکستانیوں پر رحم کرے جنھیں اب تقریریں سننی ہیں، تقرریرں کھانی ہیں اورتقریریں ہی جھیلنی بھی ہیں