مریم نواز کی گرفتاری اہم ترین مسئلہ کشمیر سے عوام کی توجہ ہٹانے اور منتشر کرنے کی گہری سازش ہے، میاں محمد حنیف
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے محترمہ مریم نواز کی گرفتاری پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت چند ٹکوں کے عوض ٹرمپ مودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے عوام کو مسئلہ کشمیر پر یکجا نہیں ہونے دے رہی،
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پارٹی کو عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے موقعوں پر عوام اور اپوزیشن کو متحد رکھنا ہوتا ہے تاکہ دشمن کیخلاف یکسو ہوکر لڑا جاسکے مگر حکومت تو کسی اور ہی پالیسی پرعمل پیرا ہے ملک میں کشمیری عوام کے حق میں مظاہرے کااعلان کرنے والی مریم نواز کو ہی جیل میں ڈالا جارہا ہے تاکہ عوام منتشر رہے اور مسئلہ کشمیر پر فوج اور حکومت کو انتہائی اقدامات اٹھانے پرمجبور نہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف اہم ترین لیڈر ہیں جن کا براہ راست تعلق کشمیر سے ہے اور وہ تین دفعہ وزیراعظم رہ چکے ہیں اور انہوں نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ اقوام متحدہ اورعالمی فورمز پر نہائت جرات اوربہادری سے اٹھایا ہے ۔