زلفی بخاری کو ایک گھنٹے میں ای سی ایل سے نکلوانے والے میاں نواز شریف کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں، میاں محمد حنیف
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف نے حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میاں محمد نواز شریف کے مقدمے کو نیب اورعدالت کے درمیان شٹل کاک بنا رہی ہے جو کہ حکمرانوں کی چھوٹی سوچ کی عکاسی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ زلفی بخاری کو ایک گھنٹے میں ملک کے تمام قوانین توڑتے ہوئے ای سی ایل سے آزاد کروا لیا گیا جبکہ چالیس سال ملک کی خدمت کرنے والے میاں محمدنواز شریف کی صحت کی تشویشناک صورتحال کے باوجود تمام سیاسی اورمذہبی اخلاقیات کو پامال کرتے ہوئے ان کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔ یہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی بدترین حکمرانی کا نمونہ پیش کر رہی ہے۔ عوام سے جینے کا حق چھین لینے کے بعد قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے عوامی نمائندوں کو ان کے آئینی حقوق سے بھی دور رکھ کر حکومت نے ثابت کردیا کہ ان کے سینے میں دل نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔