اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ 5 ججزنے نوازشریف کے خلاف متفقہ فیصلہ دیا، وہ اپنی بیگناہی کا کوئی ثبوت نہ دے سکے، میاں صاحب! آپ پر فرد جرم عائد ہونے جارہی ہے، آپ ملزم سے مجرم بننے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہواجس میں نواز شریف کے عدلیہ سے متعلق بیان کی مذمت کی گئی۔ عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ نوازشریف عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی کر رہے ہیں، تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے نوازشریف کے مظلومیت کارڈ کو مسترد کردیا، عوام کو نواز شریف کی چوری پر یقین ہے۔ بنی گالا میں پاکستان ہندو کونسل کے سابق صدر راجااسرمال منگلانی سے ملاقات اورتحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پربات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف قومی جماعت ہے، ہمارے دروازے تمام مذاہب اور مسلک اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے کھلے ہیں،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلیے تحریک انصاف پوری قوم کو متحدکررہی ہے۔