حکومت سیاستدانوں کے بعد عوام کو خودساختہ مہنگائی کا شکار کرنے والوں کو بھی بے نقاب کریگی، میاں ذوالفقار جتالہ
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے سابق صدر میاں ذوالفقار جتالہ نے کہا ہے کہ حکومت سیاستدانوں کو بے نقاب کرنے اورکیفر کردار تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے اور سیاسی نظام کو سرمایہ داروں اورلوٹ مار کرنے والوں سے پاک کرنے کے بعد اب انشااللہ چوربازاری اور من مانے نرخوں کے ذریعے عوام کی عیدیں اوررمضان مشکل بنانے والوں کو بھی چھوڑا نہیں جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں سبزیوں کی اصل قیمتوں اور انھیں کئی گنا زیادہ نرخوں پر بیچنے والوں کو آڑھے ہاتھوں لینے کا فیصلہ ہوچکا ہے جلد وہ لوگ یا تو سیدھے ہوجائیں گےیا پھر اپنے کالے دھندوں سمیت انجام کو پہنچ جائیں گے۔
میاں ذوالفقار جتالہ نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کے بیرون ملک علاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی ،حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اجازت دی ، نواز شریف کے کیسز اور سزائیں بر قرار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو اس کی منزل پر لے جانا ہے تو احتساب کے جاری عمل میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہیے بصورت دیگرہم مزید کئی دہائیاں ایسے ہی بھٹکتے رہیں گے جس کا پاکستان ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔