سابق حکمران مدد کیلئے قطریوں اور مودی جیسوں کو پکارتے رہے آج امریکی صدرپاکستانی وزیراعظم سے مدد کی درخواست کر رہا ہے، میاں ذوالفقار جتالہ
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے صدر میاں ذوالفقار جتالہ نے حکومت پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے، کرپٹ حکمران اس قبل جب بھی اپنی ریشہ دوانیوں میں پھنسے تو انہوں نے مدد کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے یہاں تک کہ بیرونی طاقتوں کو پکارتے رہے ۔ قطریوں اور نرنیدر مودی جیسوں کو اپنی کرپشن چھپانے کیلئے استعمال کرتے رہے۔
آج الحمد للہ ایک ایسا انسان ہمارا سربراہ مملکت ہے جس کو مدد کیلئے دوسرے ممالک بالخصوص امریکہ نے پکارا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یس اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم کسی کا نام نہیں لیتے مگر جونہی یہ کہا جاتا ہے کہ کرپٹ لوگوں کو نہیں چھو ڑینگے تو اپوزیشن واک آئوٹ کرجاتی ہے، اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مخالفین کسی نہ کسی طرح کرپشن میں ملوث ہیں، انکا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن والے کرپشن میں ملوث نہیں ہیں تو انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔