پی اے سی کمیٹی کی سربراہی کرپٹ ٹولے کو نہ دینے کے اصولی فیصلے پر لچک دکھانا قومی سوچ کا عکاس اوروزیراعظم کا بڑاپن ہے، میاں ذوالفقار جتالہ
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے صدر میاں ذواالفقار جتالہ نے کہا ہے کہ پی اے سی کمیٹی کی سربراہی کرپٹ ٹولے کو نہ دینے کے اصولی فیصلے پر لچک دکھانا قومی سوچ کا عکاس اوروزیراعظم کا بڑاپن ہے ورنہ شریف برادران کی فرعونیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ۔ اپنے دور میں ان لوگوں نے ملک کی اساس کے محافظ اداروں کے ساتھ جو کیا اورمودی اور ملک دشمنوں سے داد وصول کی اس سے بہتر تھا کہ یہ لوگ پی اے سی کی سربراہی جیسے جمہوری عہدے مانگنے کے بجائے اپنے کیے پر شرمندہ ہوتے۔
ا نہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے دل بڑا کر کے پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن کو دی، حکومت اور اپوزیشن دونوں کا مقصد قانون سازی و عوام کے مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ قانون سازی کے حوالے سے ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لئے حکومت نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی میں اپوزیشن کو دینے کا فیصلہ کیا جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہو یا اپوزیشن دونوں ایوان میں قانون سازی کے عمل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور اسی طرح عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھی دونوں کا کردار مشترکہ ہے۔