اسلام آباد(ایس ایم حسنین) امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے ایشیائی ممالک کا اپنا طے شدہ دورہ مختصر کردیا ہے اب وہ صرف رواں ہفتے جاپان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان وہائٹ ہائوس کے مطابق مائیک پومپیو کو جاپان کے بعد جنوبی کوریا اور منگولیا بھی جانا تھا۔امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اپنا ایشیاء کا دورہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس کے باعث طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے مختصر کیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا 2 روز قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔صدر ٹرمپ کی طبیعت سے متعلق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت اب بہتر ہے اور انھیں اگلے 24 گھنٹے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائیگا۔تاہم یہ واضح نہیں کہ صدر کی طبیعت مکمل بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔