واشنگٹن : وائٹ ہاؤس میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ہونیوالی تقریب میں مریم نواز اور کلثوم نواز نے شرکت کی۔ خاتون اول مشعل اوباما نے بیگم کلثوم نواز اور مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعل اوباما نے کہا گلوبل گرلز ایجوکیشن پروگرام کے تحت پاکستان کو فنڈز دے رہیں جس سے دو لاکھ بچیاں مستفید ہوں گی۔ پاکستان میں خواتین کی ترقی کے لیے ملکر کام کریں گے۔
پروگرام کے تحت بچیوں کے لئے تربیت اور صحت سے متعلق پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ مریم نواز نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بچیوں کی تعلیم کیلئے ہمیں خصوصی توجہ دینی ہے کیونکہ خواتین قوم اور ملک کا مستقبل ہیں۔
پوری دنیا میں خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ 2013 میں حکومت سنبھالنے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا۔ پاکستان میں ہر بچی کے اسکول جانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانون سازی ہو رہی ہے۔