اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے پاکستان سے محبت کی نئی داستان رقم کردی ،باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تھرڈ ایمپائر کے فیصلے کو نا پسندیدہ قرار دے دیا جس پر آئی سی سی نے مکی آرتھر کو وارننگ دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا اور پاکستان کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران کوچ مکی آرتھر کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پرآئی سی سی کونسل نے وارننگ دے دی۔مکی آرتھر نے سنچورین ٹیسٹ کے دوران جنوبی افریقا کی دوسری اننگز کے 9 ویں اوور میں تھرڈ امپائر کے ایک فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔پاکستانی ہیڈکوچ اس حوالے سے ٹی وی امپائر جول ولسن کے کمرے میں گئے اور ڈین ایلگر کے حق میں دیئے گئے ان کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ٹی وی امپائر نے اس کی شکایت میچ ریفری ڈیوڈ بون سے کی جنہوں نے مکی آرتھر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے انہیں وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرجذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر بیٹسمینوں سے شدید جھڑپ ہوئی جس کے بعد معاملہ گالی گلوچ تک پہنچ گیا تھا۔ مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کر دیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دیں تھیں۔