امریکا کی مشہور کمپنی مائیکروسافٹ نے صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کے معاملے پر امریکی حکومت کے خلاف ایک مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
واشنگٹن: (یس اپردو) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مشہور کمپنی مائیکروسافٹ نے امریکی حکومت پر ایک مدقمہ دائر کر دیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی حکومت مائیکروسافٹ کمپنی کے صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرتی ہے اور انھیں مطلع کرنے سے روکتی ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ یہ آزادی اظہار کا حق دینے والی امریکی آئین میں پہلی ترمیم کی بھی خلاف ورزی ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے گزشتہ 18 ماہ کے دوران صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کے 5,624 احکامات موصول ہوئے جن میں سے 2,576 کیسز میں مائیکروسافٹ کو اس بات سے روک دیا گیا کہ وہ مطلوبہ صارفین کو اس بات سے باخبر کر سکتی کہ حکومت کی طرف سے ان صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کی درخواست کی گئی ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق ایسے زیادہ تر احکامات کمپنیوں کی بجائے انفرادی لوگوں کے بارے میں ہیں۔ اس کے علاوہ اس بات کا کوئی وقت بھی مقرر نہیں کیا گیا جس کے بعد مائیکروسافٹ اپنے ایسے صارفین کو مطلع کر سکتی ہو۔