شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت روس میں یورال کی پہاڑیوں میں ہونے والی فوجی مشقوں میں چھ ملکوں کے فوجی اہل کار حصہ لیں گے جن میں پاکستانی اور بھارتی فوجی اہل کار بھی شامل ہیں۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق فوجی مشقوں میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ چین اور روس کے فوجی اہل کار بھی شریک ہیں، یہ مشقیں روس میں یورال کے پہاڑی سلسلے میں ہو رہی ہیں۔اخبار کے مطابق چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں میں پاکستانی اور بھارتی اہلکاروں کی اکٹھے شمولیت سے دونوں پڑوسی ملکوں میں جاری تناؤ کم کیا جا سکتا ہے۔اخبار کے مطابق مشقوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے چیفس آف جنرل اسٹاف کی ملاقات بھی ہو سکتی ہے۔آزادی کے بعد پاکستان اور بھارت پہلی مرتبہ مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے، اس سے پہلے دونوں ملکوں کی افواج اقوام متحدہ کے امن مشن میں ساتھ کام کر چکی ہیں۔یورال پہاڑیوں میں ہونے والی فوجی مشقوں کو امن مشن دو ہزار اٹھارہ کا نام دیا گیا ہے۔روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں میں شریک فوجوں کے چیفس آف جنرل اسٹاف ان مشقوں کے دوران آپس میں ملاقاتیں بھی کریں گے، یہ مشقیں شنگھائی تعاون تنظیم کی اٹھارہویں کانفرنس کے بعد ہوں گی جو نو اور دس جون کو چین کے ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں منعقد ہو رہی ہیں۔