اس نئے معاہدے کی رو سے بھارتی اور امریکی افواج ایک دوسرے کے فوجی اڈے ، زمینی ، بحری اور فضائی اڈے استعمال کر سکیں گے
نئی دہلی (یس اُردو) پاک چین راہداری کے خلاف شور مچانے والے بھارت اور امریکا کے درمیان ایک دوسرے کے ہوائی اڈے استعمال کرنے کا معاہدہ ہونے جا رہا ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی فوجی مخصوص حالات میں فوجی اڈوں پر قیام کر سکیں گے ۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی دہلی اور واشنگٹن ایک ایسے فوجی معاہدے پر متفق ہوئے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے زمینی اور فضائی اڈے استعمال کر سکیں گے ۔نئی دہلی میں بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اصولی طور پر ایک دوسرے کے ملٹری لاجسٹکس کو استعمال کرنے پر متفق ہوئے ہیں ۔اس نئے معاہدے کی رو سے بھارتی اور امریکی افواج ایک دوسرے کے فوجی اڈے ، زمینی ، بحری اور فضائی اڈے استعمال کر سکیں گے ۔ان بھارتی اڈوں سے امریکی افواج کو سپلائی اورمشینری ری پیئرنگ کی سہولت استعمال کر سکیں گے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے ۔