ریاض: سعودی عرب میں سال رواں کی پہلی ششماہی میں ملازمت سے فارغ ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
سعودی اخبار کے مطابق 2018ء کے دوران اب تک 5 لاکھ 12 ہزار غیر ملکی ملازمت سے فارغ کر دیے گئے ہیں۔ سال رواں کی دوسری سہ ماہی میں ملازمت سے فارغ ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار ہے جبکہ اس سے قبل پہلی سہ ماہی میں فارغ ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار تھی۔اس طرح 2018ء میں ملازمت سے فارغ ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 12 ہزار ہوگئی۔
دوسری جانب سعودی حکومت نے یکم محرم الحرام سے 12 شعبوں میں غیرملکیوں کی بھرتیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گاڑیوں، سائیکلوں، ملبوسات، گھریلو اور دفتری اشیاء کی دکانوں پر یکم محرم سے غیر ملکی کام نہیں کر سکیں گے۔