اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کسی نہ کسی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں، گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر اردومیں ہونے کی تعریف کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا تو انہیں وضاحت کرنا پڑی کہ تقریر کیتعریف پر مبنی ویڈیو پرانی ہے ، اس کا وزیراعظم کی حالیہ تقریر سے تعلق نہیں ۔ ابھی یہ معاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا تھا کہ ایک مرتبہ پھر وہ سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر آگئیں تاہم احساس ہونے پر اپنی پوسٹ کی اصلاح کردی ۔ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیرمملکت فاﺅنڈیشن فار ایڈوانسمنٹ ایٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (فاسٹ) یونیورسٹی کے کیمپس میں گئیں اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایاجس کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا پیج پر شیئرکردیں۔ یہاں تک معاملہ ٹھیک تھا لیکن انہوں نے اس کیساتھ فاسٹ یونیورسٹی کی جگہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) لکھ دیا ۔ان کی یہ پوسٹ آتے ہی صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا۔ اسامہ باسط نے اپنے دوستوں کو کمنٹس میں ٹیگ کرکے چیلنج کیا کہ اس میں کچھ عجیب ڈھونڈیں۔محمد شاہ نواز نے لکھا ” مانا کہ فاسٹ چھوٹی سی ہے لیکن آپ نے تو نسٹ کا حصہ ہی بنا دیا‘۔عمرطاہر نے لکھا کہ ’ یہ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی کہ حکومت کے ایک سینئر وزیرکو یہ بھی معلوم نہیں کہ نسٹ نہیں بلکہ فاسٹ یونیورسٹی میں کھڑی ہے ، دوسری طرف ہم خان سے پاکستان میں ایجوکیشن سسٹم کی بہتری کی توقع کرتے ہیں‘۔حسین خان نے سرائیکی میں لکھا کہ ’ایک بزدار اور ایک یہ، ان کا ڈیرہ غازی خان کیساتھ کوئی تعلق نہیں، ڈیرے کا نام بدنام کررکھا ہے‘۔صارفین کی تنقید اور احساس ہونے کے بعد زرتاج گل نے اپنی پوسٹ ایڈٹ کردی اور نسٹ کی جگہ فاسٹ لکھ دیا لیکن اس کے بعد بھی صارفین کے تبصروں کا سلسلہ نہ رک سکا۔مریم عامر نے لکھا کہ ”اس پوسٹ کی ایڈٹ ہسٹری چیک کریں“۔احمد نواز نے لکھا کہ ’شاید وزیر صاحبہ کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے‘۔