اسلام آباد: وزیرِ ریلوے شیخ رشید تین روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے۔ اپنے دورے میں شیخ رشید کی ایرانی صدر حسن روحانی اور روحانی پیشوا علی خامنائی سے بھی ملاقات ہو گی۔ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے حوالے سے بھی ایران کی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔ شیخ رشید احمد پڑوسی ملک کو حالیہ پاک بھارت صورتحال پر عالمی برادری سے رابطوں کے حوالے سےآگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ ایرانی قیادت کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امن کا پیغام بھی دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید آج منگل کو تین روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں۔ جہاں وہ اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ شیخ رشید قازوین تارشت ریلوے روٹ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔ ایرانی حکومت نے وزیر ر یلوے کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق 6 مارچ کو تقریب کے مہمان خصوصی ایرانی صدر حسن روحانی ہوں گے۔ وزیر ریلوے دورے کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شیخ رشید ایرانی صدر کو وزیراعظم کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے، شیخ رشید ایرانی روحانی پیشوا آیت اللہ خامنائی سے بھی ملاقات کریں گے اور صدر پاکستان کا پیغام پہنچائیں گے۔ اس دورے میں شیخ رشید ریل نیٹ ورک کی بہتری اور شراکت داری پر متعلقہ اداروں سے بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل شیخ رشید نے ایک ٹی وی پروگرام میں اس دورے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام لے کر ایران کے دورے پر جائیں گے۔ انھوں نے امید ظاہر کی تھی کہ اس دورے سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔