کراچی؛ وفاق وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالدمقبول صدیقی نے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلا حکم جاری کر دیا ہے اور ملک میں ایسی چیز پر پابندی عائد کر دی ہے کہ جان کر والدین خوش ہو جائیں گے۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے پہلے حکمنامے میں ’بلیو وہیل‘ اور ’موموچیلنج‘جیسی قاتل گیمز پر پابندی عائد کی ہے جن کی وجہ سے اب تک دنیا میں درجنوں نوجوان موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔ کراچی میں آئی ٹی ماہرین اور سافٹ ویئرڈویلپرز کے مشترکہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسی گیمز کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں جو نوجوانوں کو تباہ کر دیں اور ان سے نوجوانوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوجائیں۔‘‘
خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہم سائبر ایکٹ میں ایک ایسے قانون کا اضافہ کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت بلیو وہیل اور موموچیلنج جیسے سافٹ ویئر بنانا، شیئر کرنا اور استعمال کرنا جرم قرار دے دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بلیو وہیل گیم میں کھیلنے والوں کو کئی خطرناک قسم کے ٹاسک دیئے جاتے ہیں جنہیں پورا کرنا ہوتا ہے۔ ان میں آخری ٹاسک خود کشی کا ہوتا ہے۔ عموماً کھیلنے والوں کو کسی بلند عمارت سے کود کر خودکشی کرنے کو کہا جاتا ہے۔ موموچیلنج بھی ایسی ہی گیم ہے جسمیں ڈراؤنی اور پرتشدد تصاویر دکھا کر کھیلنے والوں کو خوفزدہ کیا جاتا ہے اور موت کو گلے لگانے پر مجبور کر دیا جاتاہے۔ کئی ممالک میں ان گیمز کی وجہ سے ہلاکتیں ہو چکی ہیں تاہم پاکستان میں خوش قسمتی سے اب تک ان گیمز کی وجہ سے کسی ہلاکت کی خبر نہیں آئی۔