پنجاب حکومت نے صوبے میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی خاطر موثر اقدامات کئے ہیں :وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہولی پر پیغام
لاہور (یس اُردو) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے ، کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں ۔ ہولی کے موقع پر ہندو برادری کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہولی کا تہوار بھائی چارے اور خیر سگالی کے جذبات پیدا کرتا ہے ، یہ رنگا رنگ تہوار زندگی کے جوش و جذبے کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہے ۔ اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے ۔ اقلیتی برادری کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے پاکستان کا عالمی سطح پر سافٹ امیج اجاگر ہوا ہے ۔ ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر بھائی چارے اور امن کا پیغام عام کرنا ہے