کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سید قائم علی شاہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی وجوہات سے سب کو آگاہ کریں۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی میں موجود دہشت گردوں کو ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں بلکہ وہ مورچہ بند ہوکر رہ رہے ہیں ان کے خلاف آپریشن کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلی قائم علی شاہ بتائیں کہ اختیارات کے باوجود دہشت گردوں کو پکڑنے میں کون سی رکاوٹیں درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ صفورا گوٹھ سمجھنے کے لئے کافی ہے کہ ہم آتش فشاں پر بیٹھے ہیں جب کہ شہر قائد میں امن سے متعلق اقدامات کی ضرورت ہے۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا اور پاکستان میں کسی سے بھی زیادتی ہو گی تو اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔