اسلام آباد: بتایا جاتا ہے وزیر کی طبیعت خراب ہے اور وہی وزیر کہیں جلسے سے خطاب کر رہا ہوتا، رویہ نہ بدلا تو احکامات جاری کر دیں گے: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ایک بار پھر برہم
چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کے اجلاس میں وزراء کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور پوچھا توانائی، مذہبی امور اور ہاؤسنگ کے وزراء کہاں ہیں؟۔ انہوں نے کہا وزیروں اور مشیروں کی اتنی بڑی فوج ہے مگر ایوان میں نہیں آتے، اگر وزراء ایوان میں نہیں آ سکتے تو مستعفی ہوجائیں، وزیراعظم ایوان میں آ کر جواب دے سکتے ہیں تو وزراء کیوں نہیں؟۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وزیر برائے کیڈ سے متعلق کہا گیا کہ انکی طبیعت خراب ہے، ایوان میں نہیں آ سکتے، جس کی وجہ سے باعث وزارت برائے کیڈ سے متعلق کئے سوالات موخر کرنے پڑے، اپنے چیمبر میں جا کر ٹی وی پر دیکھا تو اسی وزیر کی بریکنگ نیوز چل رہی تھی، بتایا جاتا ہے وزیر کی طبیعت خراب ہے اور وہی وزیر کہیں جلسے سے خطاب کر رہا ہوتا ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ وزیر توانائی کراچی میں کیا کر رہے ہیں؟، یہاں کوئی راج واڑا چل رہا ہے؟، کوئی کراچی ہے تو کوئی بنوں میں؟ وزرا کا یہ رویہ قابل برداشت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرا اور سیکرٹریز تک پیغام پہنچا دیا جائے اگر رویہ یہی رہا تواحکامات جاری کر کے سینیٹ کے قاعدہ 13 کے تحت وزراء کے ایوان میں آنے پر پابندی لگا دی جائے گی۔