اسلام آباد(اصغر علی مبارک سے )وزارت مذہبی امور نے سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں میں حج کوٹہ کی تقسیم کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکاری سکیم کا کوٹہ 60 فیصد اور پرائیویٹ سکیم کا 40 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وزارت مذہبی امور اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کریگی ،ْ رواں سال حج پالیسی میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سرکاری سکیم کا کوٹہ 67 فیصد اور پرائیویٹ سکیم کا کوٹہ 33 فیصد مقرر کیا گیا تھا جسے پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز نے لاہور، کراچی اور سکھر ہائیکورٹس میں چیلنج کرکے حکم امتناعی حاصل کیا۔
وزارت مذہبی امور کی استدعا پر سپریم کورٹ نے ان تمام کیسوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں یکجا کرکے سننے کا حکم جاری کیا جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے مختصر فیصلہ میں حکم دیا ہے کہ سرکاری سکیم کا حج کوٹہ 60 فیصد جبکہ پرائیویٹ سکیم کا حج کوٹہ 40 فیصد کر دیا جائے۔ وزارت مذہبی امور نے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔