اسلام آباد: وزارت پانی وبجلی نے 525 میگاواٹ کا چیچو کی ملیاں پاور پلانٹ پراجیکٹ ختم کردیا جب کہ پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے بھی پراجیکٹ ختم کرنے کی تصدیق کردی۔
شیخوپورہ کے قریب 35 ارب کی لاگت سے 525 میگاواٹ کے لگنے والے چیچو کی ملیاں پاور پراجیکٹ پر 2008 میں کام شروع ہونا تھا جو مکمل نہ ہوسکا جب کہ پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے 3 ارب روپے بھی خرچ کئے جاچکے ہیں اور سائٹ پر مشینری بھی موجود ہے تاہم وزارت پانی و بجلی نے پراجیکٹ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کے قریب چیچو کی ملیاں پاور پراجیکٹ جس مقام پر زیرتعمیر تھا وہاں ٹرانسمیشن نظام پہلے سے موجود تھا جب کہ اس کے قریب پہلے سے چیچو کی ملیاں ہائیڈل پراجیکٹ بھی موجود ہے جس سے 4 سے 5 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزارت پانی وبجلی کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ کی تعمیر میں تاخیر کے باعث اس کی لاگت بڑھ چکی ہے جس کے باعث اسے بند کرنا پڑا جب کہ پراجیکٹ ناقابل عمل تھا اور کمپنی کے ذمے واجبات کی وصولی جاری ہے۔