برلن: جرمنی کے دارلحکومت برلن میں پولیس نے بچوں سے جسم فروشی کرانے والے ایک منظم گروہ کو قانون کے شکنجے میں جکڑ لیا ہے ۔ اس گروہ کے 4 ارکان پولیس کے ہتھے چڑھ چکے ہیں اور ان میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو اپنے بچوں سے جسم فروشی کرواتے رہے ہیں۔
برلن پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے چاروں ملزمان کا تعلق یورپی ملک رومانیہ سے ہے،جو دیگر بچوں کے علاوہ اپنے بچوں سے بھی جسم فروشی کرا رہے تھے۔ برلن کا ’ٹیئر گارٹن پارک‘ ایسے جرائم کا مرکز بن چکا ہے جہاں کئی مرد اپنی جنسی خواہشات کے لیے کم عمر بچوں کی تلاش میں آتے ہیں۔برلن کے دفتر استغاثہ اور منظم جرائم سے متعلق تحقیقات کرنے والے ادارے کی مشترکہ تفتیش کے نتیجے میں اس منظم گروہ کی نشاندہی کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق نابالغ بچوں کو ان کے خاندانوں سے الگ کر کے چائلڈ ویلفیئر اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔