میرپورخاص…..سول اسپتال میرپورخاص میں ہیپاٹائٹس سی کی ادویات کی فراہمی بند ہوگئی جس کے بعد اس مہلک مرض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کا علاج روک دیا گیا ہے۔
سول اسپتال میں قائم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام یونٹ میں اس وقت ہیپاٹائٹس سی کے ساڑھے تین سو مریض رجسٹرڈ ہیں۔ جبکہ ہر ماہ ہیپاٹائٹس کے 120کےلگ بھگ نئے مریض علاج کیلئے ادویات کے منتظر ہیں۔ تاہم کئی روز سے جاری ادویات کی عدم دستیابی کے باعث نہ صرف ہیپاٹائٹس سی کے نئے مریضوں کی رجسٹریشن روک دی گئی ہے بلکہ زیرعلاج مریضوں کی صحت کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب ہیپاٹائٹس پروگرام کے انچارج نے انکشاف کیاہے کہ سرکاری سطح پر ہیپاٹائٹس کی ادویات ٹیبلٹ کی شکل میں سرے سے دستیاب ہی نہیں جس کے باعث طبی وجوہات کے باعث 60سال سے زائد عمر کے مریض ہیپاٹائٹس پروگرام سے استفادہ نہیں کرسکتے۔ ایسے مریض نجی طور پر یہ ادویات خریدنے پر مجبور ہیں