لاہور;حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا صاحب کے دربار پر لکھے کلمے کا عکس زمین پر پڑنے سے ہونیوالی بے حرمتی کیخلاف دائر درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرا دی،جس میں کہا گیا ہے کہ مزار پر کلمے کا زمین پر پڑنے والا عکس ختم کر دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی،جس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ اوقاف کو فریق بنایا گیا تھا ۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا تھا کہ داتا دربار میں لکھے گئے کلمے کو روشنیوں سے ظاہر کیا گیا ہے ،کلمے پر روشنی پڑنے سے فرش پر بننے والے عکس سے بے حرمتی ہو رہی ہے ۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے پر درخواست نمٹا تے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کو اگر شکایت ہو تو دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے ۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے دربار پر لکھے گئے کلمے کا عکس زمین پر پڑنے سے ہونے والی بے حرمتی کے معاملہ پر ایڈووکیٹ جنرل ،وزیر مذہبی امور اور ڈائریکٹر اوقاف پر مشتمل کمیشن تشکیل دے دیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کےمسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے داتا دربار پر کلمے کی جگہ تبدیل کرنے یا کلمے کا عکس ختم کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی ۔درخواست شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر درخواست میں
وزیراعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ اوقاف کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ داتا دربار میں لکھے گئے کلمے کو روشنیوں سے ظاہر کیا گیا ہے،کلمے پر روشنی پڑنے سے فرش پر بننے والے عکس سے بے حرمتی ہو رہی ہے ،محکمہ اوقاف کو کلمے کی جگہ تبدیل کرنے یا عکس ختم کرنے کے لیے درخواستیں دیں مگر شنوائی نہ ہوئی ۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ محکمہ اوقاف کو کلمے کی جگہ تبدیل کرنے یا روشنیوں سے پیدا ہونے والے عکس کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل ،وزیر مذہبی امور اور ڈائریکٹر اوقاف پر مشتمل کمیشن تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن داتا دربار کے مزار کا دورہ کرے اور کلمے کا عکس ختم کرنے کے لیے اقدامات کر کے عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کرے ۔عدالت نے درخواست گزار کو درخواست سے وزیراعلیٰ پنجاب کا نام بطور فریق ہٹانے کا حکم دیدیا ۔