پیرس ( نمائندہ خصوصی)ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت مرزا عتیق نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسین ؑ کی شہادت حقیقی خلافت کے احیاء کے لئے تھی، طاغوتی قوتوں کے آگے سینہ سپر ہوکر انہوں نے ثابت کردیا کہ ایک مسلمان حق کی خاطر اپنی گردن تو کٹوا سکتا ہے مگر باطل کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے آغاز کلے موقع پر جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین ؑ کی قربانی تا قیامت یاد رکھی جائے گی۔ دین اور خلافت کے احیاء کے لئے اپنے عیال کی قربانی دے کر انہوں نے رہتی دنیا تک یہ بات ثابت کی ہے کہ خلافت کے قیام کے عظیم مقصد کیلئے سب کچھ قربان کیا جاسکتا ہے۔ امام حسین ؑ نے بے سر و سامانی کے عالم میں مٹھی بھر افراد کے ساتھ شجاعت اور بہادری کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔