کشمیری قوم اب اکیلی نہیں، متعصب ہندوذہنیت کیخلاف تمام بھارتی اقلیتیں اٹھ چکی ہیں، مرزا ساجد جرال
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پیرس کے ممتاز سیاسی وسماجی وکشمیری راہنما مرزا ساجد جرال نے اپنی سالگرہ کے موقع پر کشمیری برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوشیاں اورہمارے غم سب کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ انشااللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری قوم کیساتھ پوری دنیا کھڑی ہوجائیگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کریم کی کرم نوازی ہے کہ بھارتی میں موجود تمام اقلیتیں جاگ چکی ہیں اور کشمیری عوام اب اکیلی نہیں ہے ۔ متعصب ہندوذہنیت جس کیخلاف قائد اعظم محمد علی جناح نے انیسیویں صدی کے آغاز میں جدوجہد شروع کی اور اسے بے نقاب کیا اب پون صدی کے بعد تمام ہندوستان کے طول وعرض میں متعصب ہندو ذہنیت بے نقاب ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں موجود تمام چھوٹی بڑی اقلیتیں اٹھ چکی ہیں اور روشن خیال ہندو بھی متعصب اور انتہا پسند مودی کے چہرے کو پہچان چکے ہیں اور اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انشااللہ وہ دن دور نہیں جب میرے کشمیری بھائی آزادی کا سورج دیکھیں گے اورپاکستان کے عظیم عوام کے ساتھ مل کر پوری دنیا پر ایک محنت کش اور عظیم قوم کے طورپر اپنا لوہا منوائیں گے۔