برسبین: برسبین ٹیسٹ کے لیے سکہ اچھلتے ہی مصباح الحق آسٹریلیا کا دورہ کرنے والے تاریخ کے تیسرے معمر ترین کپتان بن گئے، اس وقت ان کی عمر 42 برس اور 200 دن ہے، ان سے قبل ڈبلیو جی گریس (1891-92) اور ویلی ہیمنڈ (1946-47) 43 برس کی عمر میں کینگرو کے دیس میں اپنی ٹیموں کی قیادت کرچکے ہیں۔
اس سے قبل مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف ابوظبی میں سنچری اسکور کرکے 82 برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں تھری فیگراننگز کھیلنے والے معمرترین کرکٹر کا اعزاز پایا تھا، وہ سنچری بنانے والے سب سے عمر رسیدہ کپتان بھی بنے تھے۔مصباح کو 5000 ٹیسٹ رنز مکمل کرنے کیلیے مزید 125 رنز درکار ہیں، وہ اس سنگ میل پر پہنچنے والے ساتویں پاکستانی بیٹسمینبنیں گے، ان سے قبل یونس خان، محمد یوسف، انضمام الحق، سلیم ملک، جاوید میانداد اور ظہیر عباس یہ منزل عبور کرچکے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو بھی 5000 رنز مکمل کرنے کیلیے مزید 95 رنز کی ضرورت ہے۔