لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد کی جانب سے حکام کو دھکے دینے کا نوٹس لے لیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ پرگلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا محمد فدا کی جانب سے حکام کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں دھکے دینے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد خان اور پی آئی اے حکام کو کل لاہور رجسٹری پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے گلگت بلتستان کے وزراء کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وزیرسیاحت فدا خان کو عملے نے جھوٹ بول کر جذباتی کیا، معاملہ رفع دفع ہوگیا ہے اور اگر وزرا کے رویئے سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی تو صوبائی وزیر فدا حسین آگ بگولہ ہوگئے اور شفٹ انچارچ سے بدتمیزی کی اور دھکے دیئے تھے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو ایئر پورٹ پر موجود کسی نامعلوم شخص نے اپنے موبائل فون کیمرے میں عکس بند کرلی تھی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے یہ خبر پورے ملک میں پھیل گئی۔